Mark Zuckerberg 21

مارک زکربرگ کو 16 ارب ڈالرز نقصان کا سامنا، امیر ترین افراد کی فہرست میں اب کہاں ہے

مارک زکربرگ کو 16 ارب ڈالرز نقصان کا سامنا، امیر ترین افراد کی فہرست میں اب کہاں ہے

فیس بک کی سہ ماہی رپورٹ میں صارفین کی تعداد میں کمی اور آمدنی تخمینے سے کم رہنا اس کمپنی کے لیے 148 ارب ڈالرز کے نقصان کا باعث بنا۔

تاہم اس کا سب سے زیادہ نقصان فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کے اثاثوں کو اٹھانا پڑا جو رپورٹ سامنے آنے کے چند منٹ بعد ہی 16.8 ارب ڈالرز (21 کھرب پاکستانی روپے سے زائد) سے محروم ہوگئے۔

فیس بک کے حصص میں بدھ سے جمعرات تک 24 فیصد کے قریب کمی دیکھنے میں آئی اور اس کی وجہ سے مارک زکربرگ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 3 درجے نیچے جاگرے۔

بلومبرگ کی ارب پتی افراد کی فہرست میں چند دن پہلے تک مارک زکربرگ 86.5 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے مالک تھے مگر 2 دن کے اندر یہ اثاثے 70 ارب ڈالرز سے بھی نیچے جاگرے اور دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص کا اعزاز ان سے چھن گیا اور وہ چھٹے نمبر پر چلے گئے۔

امریکی تاریخ میں پہلی بار کسی کمپنی کو صرف ایک دن میں 100 ارب ڈالرز سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔

تاہم کمپنی کے لیے مالی نقصان اتنا اہمیت نہیں رکھتا جتنا صارفین کی کمی اسے متاثر کرسکتی ہے۔

رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران فیس بک کو یورپ میں 10 لاکھ ماہانہ جبکہ 30 لاکھ روزانہ صارفین سے ہاتھ دھونا پڑے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ فیس بک کے حوالے سے تنازعات کی بڑھتی فہرست نے دنیا بھر میں صارفین کو اس سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے حوالے سے سوچ پر نظرثانی پر مجبور کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں